۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ احمد اقبال رضوی

حوزہ/ مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ان شدت پسند عناصر سے قطعاَ کوئی رعایت نہیں برتی جا سکتی جنہوں نے ہمارے اسکول جانے والے معصوم بچوں کو ذبح کیا ہے۔جنہوں نے مختلف شعبوں کے ماہرین کو چن چن کر قتل کیا۔جنہوں نے ہمارے مساجد، امام بارگاہوں، میلاد النبی اور مجالس کی تقریبات میں خون کی ہولی کھیلی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے سندھ اسمبلی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے وفاقی حکومت کے مذاکرات کے خلاف قرار داد کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا راستہ روکنے اور آئین کی بالادستی کے لیے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو واضح اور ٹھوس موقف اپنانے کی ضرورت ہے،وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو اس نازک صورتحال میں جرات مندانہ موقف اپنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،وطن عزیز سے دہشت گردی کا خاتمہ ہر محب وطن کی ترجیح ہے۔

مزید کہا کہ ان شدت پسند عناصر سے قطعاَ کوئی رعایت نہیں برتی جا سکتی جنہوں نے ہمارے اسکول جانے والے معصوم بچوں کو ذبح کیا ہے۔جنہوں نے مختلف شعبوں کے ماہرین کو چن چن کر قتل کیا۔جنہوں نے ہمارے مساجد، امام بارگاہوں، میلاد النبی اور مجالس کی تقریبات میں خون کی ہولی کھیلی۔ وہ قوتیں جو پاکستان کے آئین اور وجود کی کھلم کھلا مخالفت کرتی ہیں ان کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ دانش و بصیرت سے عاری اقدام ہے۔معمولی سا سیاسی شعوری اور جمہوری وژن رکھنے والا شخص بھی ایسے کسی فیصلے کی حمایت نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کا وقار اور عوام کے جان ومال کا تحفظ ہمیں ہر شے پر مقدم ہیں اور ہر اس فیصلے کی مکمل طور پر تائید کی جائے گی جس سے وطن عزیز کے دشمنوں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہو۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .